پیر‬‮   19   فروری‬‮   2018

عاصمہ جہانگیر کی رسم قل ادا ، شہباز شریف کی اہل خانہ سے تعزیت

لاہور(کرائم رپورٹر، وقائع نگار) انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی شریک بانی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابقصدر اور ممتاز قانون دان عاصمہ جہانگیر کی رسم قل حالی روڈ ، گلبرگ پر ان کی رہائش گاہ میں ادا کر دی گئی ۔ جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے صاحبزادے حیدرفاروق مودودی نے مرحومہ کے بلند درجات اور ایصال و ثواب کے لئے دعا کرائی ۔قل خوانی میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ممبرپاکستان بار اعظم نذیرتارڑ ، عابد ساقی ، احسن بھون ، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل برہان معظم ملک، سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار حفیظ الرحمان چودھری، ڈین پاکستان کالج آف لاء پروفیسرہمایوں احسان، سیکرٹری سپریم کورٹ بار صفدرتارڑ، سابق صدرلاہورہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی ، جہانگیراے جھوجھہ، خواجہ محمود، سابق صدرلاہوربار ساجد بشیر اور انوارالحق پنوں ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی کے رہنماء مصباح الرحمان، منصورالرحمان آفریدی ایڈووکیٹ، صدرلاہوربار ملک ارشد ، ملک افضل ایڈووکیٹ، سابق ممبرپنجاب بار غلام مرتضیٰ چودھری، فیصل میر ، اینکر پرسن نسیم زہرہ سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی معروف قانون دان وسابق صدر سپریم کورٹ بار عاصمہ جہانگیر کی رہائش گاہ گئے ۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ۔ وزیراعلی نے ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر عاصمہ جہانگیر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی نے کہا عاصمہ جہانگیر نے آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے عملی جدوجہد کی اور آزاد عدلیہ کی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے عاصمہ جہانگیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مرحومہ نے پوری زندگی جدوجہد کی۔ عاصمہ جہانگیر کی قانون کے میدان میں خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

© Copyright 2018. All right Reserved