پیر‬‮   19   فروری‬‮   2018

ہمارا ایجنڈاعوام کی خدمت،میگا منصوبوں سے مخالفین کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے،شہباز شریف

پنجاب کے ترقیاتی منصوبے دوسروں کے لئے مثال بن چکے ، ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا 

عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، اجلاس سے خطاب ، وزراء سے گفتگو
لاہور ( وقائع نگار) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کے میگا منصوبوں کی وجہ سے مخالفین کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہاہے ۔ انہوں نے یہ بات صوبائی وزراء ملک ندیم کامران اور سید زعیم حسین قادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے لئے بہت جلد لوڈ شیڈنگ ماضی کی یاد بن کر رہ جائے گی ۔ ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہاہے ۔ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے دوسروں کے لئے مثال بن چکے ہیں۔ عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے مزید ترقیاتی منصوبے بنائیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے حکومت پنجاب کی ترجیحات میں اولین ہیں ۔ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور ممکنہ وسائل عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے صرف کر رہا ہوں ۔ خلق خدا کے لئے دن رات محنت کرنے والے سرکاری افسروں اور ملازموں کو سلام پیش کرتا ہوں لیکن کسی بھی سطح پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کوتاہی اور لاپروائی کا رویہ قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوامی خدمت پر مامور ہر شخص کو اپنی ذمہ داری سے متعلق جواب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ترکی پاکستان بزنس کونسل لاہور کے چیئرمین عتیلہ ڈی یرلیکایا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کا پنجاب میں گرمجوشی سے خیرمقدم کریں گے اور ان کی راہ میں رکاوٹیں حائل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف پھولنگر لمبے جاگیر میں رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان کی رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان اور رانا محمد اسحاق خان کے والد ، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان کے چچا اور چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات خان کے دادا رانا محمد نثار خان کے انتقال پر غمزدہ خاندان سے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ 

© Copyright 2018. All right Reserved