پیر‬‮   19   فروری‬‮   2018

لاہور،موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ گورنمنٹ کالج کا پروفیسر قتل


لاہور(نیوزایجنسی)لاہور کے علاقہ کلمہ چوک کے قریب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر کو بدھ کے روز موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا‘وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ باٹنی کے پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ اپنی گاڑی پر جا رہے تھے کہ کلمہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد نے انہیں روکا اور فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا ۔جنہیں شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔پولیس کے مطابق مقتول کو 4 گولیاں ماری گئیں جن میں 3گولیاں ٹانگوں اور ایک سینے میں لگی جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی گئی ہے۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ کی جیب میں موبائل اور رقم واقعے کے بعد بھی موجود تھی۔ شبہ ہے کہ پروفیسر تنظیم اکبر چیمہ کو ذاتی رنجش پر قتل کیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے واقعہ مین روڈ کے بجائے سروس روڈ پر پیش آیا۔ اہل خانہ سے پروفیسر کی گلبرگ میں موجودگی بارے پوچھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی جزئیات کا جائزہ لے رہے ہیں، جلد ملزموں تک پہنچ جائیں گے۔ پروفیسر تنظیم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

© Copyright 2018. All right Reserved