پیر‬‮   15   اکتوبر‬‮   2018

اسلام شرم وحیا کا درس دیتا ہے ،ویلنٹائن ڈے جیسی گندی اور غیر اخلاقی رسومات کی ہمارے دین میں ممانعت ہے

اسلام آباد( نامہ نگار )علماء کرام ومفتیان نے کہاہے کہ مسلم معاشروں سے روحانی قدریں ختم کرنے کیلئے ویلنٹائن ڈے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیاجارہا ہے۔ شرعی طور پر ایسے تہوار منانے جائز نہیں ،یہ مغربی کلچر کی علامت اور مسلمانوں کے اخلاق و کردار تباہ کرنے کی بہت بڑی ازش ہے۔ اسلام شرم وحیا کا درس دیتا ہے اور ویلنٹائن ڈے جیسی گندی اور غیر اخلاقی رسومات کی اجازت نہیں دیتا،ویلنٹائن ڈے معاشرے میں حیاء اور احترام کے لیے تباہ کن ہے،نوجوانانِ ملت 14فروری کو یوم حیاء کے طور پر منائیں ، جب کسی قوم کو بغیر جنگ کے تباہ کرنا مقصود ہو تو اس کے نوجوانوں میں بے حیائی کے کلچر کو عام کر دیا جاتا ہے ،ان خیالات کااظہارمعروف عالم دین مولانامحمدشریف ہزاروی ،جامعہ اسلام آباد کے پرنسپل وشیخ الحدیث ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی ،مفتی محمداسلم ضیائی ،دارالافتا ء جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز کے مفتی عبدالباسط ،جمعیت علماء پاکستان ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری اطلاعات انجینئر محمد طیب میلادی، اہل حدیث یوتھ فورس اسلام آباد کے صدر راشد شیخ ،قاری سہیل ا حمدعباسی ،مفتی خطیب مصطفائی ودیگرنے نے کہاہے کہ مسلمان بے حیائی کے اس سیلاب کو اپنے گھروں میں داخل ہونے سے روکیں۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاالہ الااللہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں مدینہ کا کلچر عام کرنے کی ضرورت ہے ان کا کہناتھاکہ ویلنٹائن ڈے جیسے غیر شرعی تہواروں اور رسومات کے خلاف عدالت عالیہ کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،ویلنٹائن ڈے سراسر یہودونصاریٰ کا طریقہ ہے اسلام کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔اجلاس کے آخر میں راشد شیخ نے اعلان کیا کہ تنظیم کی طرف سے عوام الناس کے اخلاق و کردار کو اسلامی احکامات اور اصولوں کی روشنی میں سدھارنے کیلئے تربیتی نشستیں رکھیں جائیں گی ۔


© Copyright 2018. All right Reserved