اتوار‬‮   18   فروری‬‮   2018

اگلے الیکشن میں مداریوں ،زرداریوں اور جھوٹوں کو شکست ہوگی،شہباز شریف

بوریوالا ، وہاڑی ، ساہوکا ، لاہور ( تحصیل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی ، بیورو رپورٹ ، نامہ نگار ، وقائع نگار)و زیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلے الیکشن میں مداریوں ، زرداریوں اور جھوٹوں کے آئی جی کو شکست فاش ہو گی۔ آئندہ انتخابات میں مداریوں، زردایوں اور جھوٹے خانوں کو شکست ہو گی۔ انہوں نے یہ بات اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے اورسنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب میں کہی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 5 سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے، ساڑھے 4 سال میں ہی اندھیرے دور ہو گئے ہیں، سی پیک، وفاق اور پنجاب نے مل کر 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے۔ دو تین ماہ بعد گرمیاں آئیں گی تو آپ کے کمرے ٹھنڈے ہوں گے وہاں پنکھے چل رہے ہوں گے۔ دکاندار اپنا سامان بیچ رہا ہو گا اور ہسپتالوں میں بجلی موجود ہو گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لودھران میں پیسہ اور ہیلی کاپٹر ہارا اور اللہ نے ہمیں عزتوں سے نوازا، این اے 154 میں ضمنی الیکشن میں ترین صاحب نے کروڑوں اربوں روپے خرچ کیے لیکن لودھراں کے ووٹروں نے نیک اور درویش صفت اقبال شاہ کو منتخب کیا۔ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں جہانگیر ترین نے ہیلی کاپٹر اور پیسے کا بے دریغ استعمال کیا، لوگوں کو فی ووٹ کے حساب سے 5 ہزار روپے دیے گئے لیکن عوام نے امیر ترین جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بدترین شکست دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے 2013 کے الیکشن میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں سے پورے ملک کو بجلی مہیا کریں گے لیکن آج 5 سال بعد کہتے ہیں کہ 74میگاواٹ بجلی پیدا کی، خان صاحب قوم کو بتائیں کہ وہ 74 میگاواٹ بجلی کہاں ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں ڈینگی کا حملہ ہوا تو ہمیں ڈینگی برادران کہا گیا لیکن ہم نے اللہ کے سامنے سرجھکا کر مدد مانگی اور آج ڈینگی کا علاج ہمارے لیے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب بھاگ کر پہاڑوں پر چڑھ گئے، وہاں دوائیں اور میڈیکل ٹیمیں ہم نے بھجوائیں، خان صاحب کہتے تھے کہ میٹرو نہیں ہسپتال بنانے ہیں لیکن میٹرو کے نام پر پورے پشاور کو کھود کر رکھ دیا ہے، پشاور والوں نے مسلم لیگ ( ن) کو ووٹ دیا تو ہم وہاں میٹرو بنا کر دکھائیں گے۔ انہوں نے عمران خان کو جھوٹوں کا آئی جی قرار دیتے ہوئے خان صاحب نے خود کوئی کام نہیں کیا اور یہاں آ کر ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈال رہے ہیں، انہوں نے چینی صدر کے دورہ پاکستان میں 7 ماہ کی تاخیر کروائی، دھرنے نہ ہوتے تو ترقیاتی کام 7 ماہ پہلے پورے ہوتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیازی صاحب کو مشورہ دیتا ہوں کہ جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں خدا کے واسطے اس قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں، سیاست آپ کے بس کی بات نہیں۔ آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لاں گا، زرداری صاحب اب بھی وقت ہے کہ عوام کی جو دولت آپ نے لوٹی ہے واپس لے آئیں، 2018 کے الیکشن کے بعد زرداری کی لوٹی دولت واپس لا کرعوام کے قدموں میں رکھیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اور آصف زرداری نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا، دونوں اپنے صوبوں کے عوام کو منہ نہیں دکھا سکتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی میں زرعی یونی ورسٹی اور دریائے ستلج پر پل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیت کر کراچی، پشاور اور کوئٹہ کو بھی لاہور بنا دیں گے اور انشاء اللہ اقبال اور قائد کا خواب پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہرہسپتال میں سی ٹی سکیشن مشینیں لگائی جا رہی ہیں جہاں کسی غریب یا مزدورکوعلاج کے لیے پیسہ نہیں دینا پڑے گا کیونکہ مفت علاج ہو گا۔ موبائل ہسپتال دیہات میں آئیں گے، وہیں سٹی اسکین اورعلاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ 9 سال میں 15 ارب روپے کے وظیفے مہیا کیے گئے، پنجاب کے 3 لاکھ یتیم بچوں کو 9 سال سے وظائف مل رہے ہیں جن سے بچے ڈاکٹر اور انجینئر بن رہے ہیں۔ پنجاب میں بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں جن سے سوا کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت 8جون کو پوری ہورہی ہے میں کاشتکاروں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ وہ گندم کے رواں سیزن کے دوران جتنی گندم فروخت کرنا چاہیں گے پنجاب حکومت ماضی کی طرح خرید ے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے 9سال میں ضلع وہاڑی میں تقریبا 30ارب روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کئے ہیں’’پکیاں سڑکا ں، سوکھے پینڈے‘‘ کے تحت وہاڑی میں ساڑھے 3ارب روپے کی لاگت سے کھیتوں سے منڈیوں تک بہترین سڑکیں بنائی گئی ہیں ۔ وزیراعلی نے گگوشہر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں ہم الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط کے مطابق عمل کریں گے ۔ وزیراعلی نے دریائے ستلج پر نئے پل کی تعمیرکے منصوبے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیراعلی نے وہاڑی میں زرعی یونیورسٹی کے کیمپس کو مکمل زرعی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا جبکہ انہوں نے وہاڑی میں میڈیکل کالج بھی بنانے کا اعلان کیا ۔ وزیراعلی نے اڈارسول پور سے متیلہ چوک تک 120کلو میٹر دورویہ سڑک اور حاصل پور سے لڈن تک سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے کیمپس کے شعبوں کے لئے عمارت کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ۔ جلسے کے دوران تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار اور پنجاب کے نائب صدر ریاست علی بھٹی نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ( ن) میں شمولیت کااعلان کیا ۔ جلسہ عام سے ارکان قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم، چودھری نذیر احمد ارائیں ، تہمینہ دولتانہ اور چئیر مین ضلع کونسل وہاڑی پیر غلام محی الدین چشتی نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ میں ارکان صوبائی اسمبلی چودھری ارشاد احمد ارائیں ، بلال اکبر بھٹی، چودھری محمد یوسف کسیلیہ ،چئیر مین بلدیہ چودھری عاشق ارائیں ، سمیت یوسی چئیر مینوں، کونسلروں ، اور مسلم لیگ( ن) یوتھ ونگ، لیبر ونگ ، ٹریڈرز ونگ کے مقامی عہدیداروں اور ہزاروں مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ عام سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب تحصیل بورے والا ، ضلع وہاڑی میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونیوالے منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے ضلع کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیراعلیٰ نے 300 بیڈز پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال وہاڑی کی اپ گریڈیشن اور نئے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیااوراس منصوبے پر62 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔وزیراعلیٰ نے سپورٹس سٹیڈیم وہاڑی میں9 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت سے قائم ہونے والی ای۔لائبریری کا افتتاح کیا۔گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر عظیم آباد، بورے والا کا افتتاح بھی کیااوریہ منصوبہ 8 کروڑ 30 لاکھ روپے سے مکمل کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے بورے والا میں 7 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے ریسکیو 1122 کا افتتاح کیا اور5کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس پر 5کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔وزیراعلیٰ نے میلسی اور ملحقہ آبادیوں کے لئے واٹر سپلائی اور سیوریج سکیموں کی بحالی اور توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،اس منصوبے پر 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وہاڑی میں نیو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، شرقی کالونی کا سنگ بنیاد بھی رکھا، سکول کی تعمیر پر 10کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے بورے والا میں شہبازشریف رنگ روڈ کا سنگ بنیادبھی رکھااوریہ منصوبہ 32کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ضلع وہاڑی میں جامع واٹر سپلائی اور سیوریج سکیم کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھاجس پر30 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ 

© Copyright 2018. All right Reserved