ہفتہ‬‮   20   اکتوبر‬‮   2018

ہپاٹائٹس کا مریض ڈاکٹر حج مشن میں شامل،عازمین کی زندگیاں داؤ پر




ڈاکٹر امان اللہ کیلئے پورا سسٹم تبدیل، 60 فارماسسٹ کے متبادل افراد کیلئے مراسلہ جاری 



موصوف قربانی کے جانوروں اور کھجوروں کی سپلائی کے دھندے میں ملوث ہے ،ذرائع



اسلام آباد ( ندیم چوہدری ) وزارت مذہبی امور نے ایک من پسند ڈاکٹر کو حج مشن میں لے جانے کے لئے 1 لاکھ 84 ہزار عازمین حج کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں ،مذکور ہ ہپاٹائٹس)

پازیٹو ڈاکٹر کو حج مشن میں لے جانے کے لیے پورے سسٹم کو تبدیل کر دیا گیا ، سعودی حکومت کی جانب سے ہر ڈسپنسری میں ایک فارماسسٹ کی پابندی کو ردی کی ٹوکری میں پھینکتے ہوئے 60 فارماسسٹ کے متبادل لوگوں کو لے جانے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔ذرائع پولی کلینک کے مطابق وزارت مذہبی امورمیں موجود افسران کی ملی بھگت سے سعودی قوانین کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پولی کلینک کے گیارویں بار حج مشن میں ہپاٹائٹس پازیٹو کے مریض ڈاکٹر امان اللہ کو لے جانے کے لئے گزشتہ کئی سال حج مشن کے بنیادی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور کے افسران اور مذکورہ ڈاکٹر مبینہ طور پر عازمین حج کے لیے قربانی کے جانوروں اور واپسی پر کھجوروں کی سپلائی کے دھندے میں ملوث ہیں ۔حکومت پاکستان کی جانب سے مکہ میں 8 ڈسپنسر یز جن کی ذیلی آٹھ ڈسپنسریز اور ،مدینہ میں 3 ڈسپنسریز ساتھ ذیلی تین ڈسپنسریز اور حکومت پاکستان کے قائم کردہ ہسپتالوں میں بھی فارماسسٹ ڈیوٹی کرتے ہیں ، حج مشن میں ٹوٹل 60 فارما سسٹ شامل ہوتے ہیں لیکن رواں سال وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میں فارماسسٹ کا نام کاٹ کر کسی بھی مناسب شخص کا نام بھیجے جانے کا کہا گیا ہے ، ذرائع پولی کلینک کے مطابق ڈاکٹر امان اللہ ہیپاٹائٹس پازیٹو ہونے اور لیور ٹرانسپلانٹ ہونے کے باوجود حج مشن میں جا رہے ہیں ۔ جو کہ سعودی قوانین کی بھی خلاف وردی ہے جب کہ سعودی قوانین کے مطابق ہر ڈسپنسری کے لیے فارماسسٹ ہونا ضروری ہے لیکن وزارت مذہبی امور کی جانب سے من پسند پالیسی کے باعث عازمین حج کی زندگیاں داو پر لگا دی گئی ہیں ۔گزشتہ سال بھی ڈاکٹر امان اللہ پولی کلینک کے من پسند افرادکو اپنے ہمراہ حج مشن میں لے کر گئے جس پر پولی کلینک کے نرسنگ سٹاف نے احتجاج بھی کیا کہ نرسنگ سٹاف کی جگہ ٹینکنیکل سٹاف کو لے جایا گیا تھا ۔ رواں سا ل بھی پولی کلینک انتظامیہ کی ملی بھگت سے ڈاکٹر امان کا نام حج مشن میں فائنل کر کے بھیجا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر امان پر غیر قانونی طریقہ سے ایک کروڑسے زائد کے بل ری ایمبریس کروائے گئے ہیں جس میں ان کے بھتیجے کا بھی لاکھوں روپے کا بل بھی شامل ہے ۔ پولی کلینک کی ایمرجنسی میں نئے باتھ رومز میں بھی لاکھوں روپے کی گھپلے کی خبریں آچکی ہیں



© Copyright 2018. All right Reserved