اتوار‬‮   23   ستمبر‬‮   2018

ایئرچیف سہیل امان کی الوداعی ملاقاتیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد (وقائع نگار) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی ملک کے دفاع کیلئے شاندار خدمات کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے ایئر چیف کی آئندہ زندگی اور کاوشوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سبکدوش ہونے والے پاک فضائیہ کے سربراہ نے منگل کو وزیراعظم آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر داخلہ احسن اقبال، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر دفاع انجینئرخرم دستگیر خان نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس کا دورہ کیا۔ائیر بیس آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر دفا ع کا استقبال کیا۔ وزیر دفا ع نے حال ہی میں تعمیر کیے گئے ائیر پاو ر سنٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا اور انہیں اس سنٹر کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جدید ترین طرز پر تعمیر کیا گیا ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس، ایک ایسا اہم ادارہ ہے جو کہ پاک فضائیہ کے پائلٹوں کے علاوہ دوست ممالک کے پائلٹوں کو بھی بین الاقوامی تربیتی مشقوں کے دوران بہترین تربیت فراہم کرے گا۔ وزیر دفا ع نے کمبیٹ کمانڈرز سکول اور JF-17ا سکواڈرن کے دورے کے دوران سکواڈرن کے فضائی اور زمینی عملہ کے ساتھ کچھ وقت گزارا ۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی اعلیٰ صلاحیتوں ، کردار اور پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردارکی بھی تعریف کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی سے ملکی فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعادہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری سب سے مقدم ہے اور پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔دریں اثناء پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا۔اےئر چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس دوران جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ملک کے دفاع ، ادارے کی بہتری اور آپریشن ضرب عضب کے دوران شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے اور مقامی طور پر دفاعی سامان کی تیاری کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کو کئی سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔


© Copyright 2018. All right Reserved