جمعہ‬‮   19   اکتوبر‬‮   2018

سینیٹ ،اپوزیشن کا پاکستانی کے قاتل امریکی سفارکار کو بھجوانے پر شدید احتجاج


اسلام آباد(خبر نگارخصوصی )سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے امریکی سفارتکار کو امریکہ منتقل کیئے جانے پر احتجاج ،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے اراکین نے حقائق جاننے کا مطالبہ کر دیا ،منگل کے روز سینٹ اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن مشتاق احمد نے کہا کہ امریکی سفارتکار پاکستان کے ایک بچے کا قاتل تھا ،جس کو راتوں رات امریکہ بھجوا دیا گیا ،اس حوالے سے ایوان یہ جاننا چاہتا ہے کہ اصل حقائق کیا ہیں اگر امریکی سفارتکار کو امریکہ بھجوا دیا گیا ہے تو پھر اس حوالے سے ایوان کو حقائق سے متعلق بتایا جائے ،سنیٹر محسن عزیز نے بھی جماعت اسلامی کے رکن کے موقف کی حمایت کیِ ،دریں اثناء سینٹ نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی مخالفت کے باجود گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (ترمیمی) بل 2018ء کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔بل کی منظوری پر تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے احتجاجا واک آؤٹ کر گئے۔منگل کو ایوان بالا میں وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان نے تحریک پیش کی کہ بل کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے بعض ارکان نے بل پر غور موخر کرنے اور اسے کمیٹی کو واپس بھجوانے یا پھر ایتھکس کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ماضی میں یہ روایت موجود ہے کہ کمیٹی ایک مرتبہ کسی معاملے کو منظور کر کے بھجوا دیتی ہے تو پھر اسے دوبارہ کمیٹی کو نہیں بھیجا جا سکتا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے بھی بل زیر غور لانے پر زور دیا۔ بعد ازاں قائم مقام چیئرمین نے تحریک پر ایوان میں رائے شماری کرائی تو اس کے حق میں 25 اور مخالفت میں 16 ارکان نے ووٹ دیا جس کے بعد قائم مقام چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شناختی کارڈز اور ووٹر لسٹوں کی تیاری میں نادرا عوام کو رعایت دے رہا ہے۔ انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے لئے بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ فیس میں اضافہ کو واپس لینا ممکن نہیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن کے بعد انگوٹھوں کی تصدیق کے لئے ٹربیونلز یا عدالتوں سے 24 حلقوں کی نشاندہی کی گئی لیکن ان میں بھی 32 سے 33 فیصد کی تصدیق ہو پائی ہے۔انہوں نے کہا کہ انگوٹھے کے نشان کی تصدیق ایک مشکل کام ہے۔ نادرا پہلے ہی شناختی کارڈ اور ووٹر لسٹوں کی تیاری کے عمل میں رعایت دے رہا ہے اور الیکشن کو سستا کرنے کے لئے پہلے ہی کام ہو رہا ہے۔دریں اثناء ایوان بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے وزیرمملکت برائے داخلہ کی تعریف میں پل باندھ دیئے، جبکہ جواباً انتہائی خوشگوار انداز میں ،وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہاکہ شکر ہے پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے میری تعریف کی اور مجھے ذمہ دار وزیر قرار دے دیا ۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا ۔ منگل کو سینٹ میں ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہوتے ہی چئیرمین نے اجلاس ملتوی کرنے سے متعلق صدارتی حکمنامہ پڑھ کر سنایا

سینٹ اجلاس

 



© Copyright 2018. All right Reserved