ہفتہ‬‮   18   اگست‬‮   2018

قومی اسمبلی ،6 کھرب 9 ارب 73 کروڑ کے مطالبات زر منظور


اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) قومی اسمبلی نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے6کھرب 9ارب 73کروڑ53ہزار 448 روپے مالیت کے92 مطالبات زر کی منظوری دے دی۔ اپوزیشن کی جانب سے ان مطالبات زر پر کٹوتی کی کوئی تحریک پیش نہیں کی گئی تھی جبکہ 59 مطالبات زر پر کٹوتی کی تحریکیں جمع کرائی گئیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پہلے6 کھرب 9ارب 73کروڑ53ہزار 448 روپے مالیت کے 92مطالبات زر منظوری کے لئے پیش کئے جن پر اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی کوئی تحریک پیش نہیں کی گئی تھی۔ ان میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس‘ موسمیات‘ نیشنل سیکیورٹی‘ سٹیشنری و پرنٹنگ‘ شعبہ تجارت‘ شعبہ مواصلات‘ کینٹ و گیریژن ‘ سروے آف پاکستان‘ دفاعی خدمات‘ دفاعی پیداوار‘ جیالوجیکل سروے آف پاکستان‘ شعبہ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت‘ پاکستان ٹیکسال‘ قومی بچت‘ خزانہ‘ الاؤنسز کہن سالی و پنشن‘ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین امدادی رقوم و متفرق تطبیق ‘ ان لینڈ ریونیو‘ شعبہ امور خارجہ‘ سٹیٹ آفس‘ فیڈرل لاجز‘ صنعت و پیداوار‘ نظامت اشاعت‘ نیوز ریلز و دستاویزی فلمز‘ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ‘ بیرون ملک انفارمیشن سروسز‘ شعبہ اطلاعات و نشریات‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی‘ پاکستان رینجرز ‘ داخلہ ‘ امور کشمیر و گلگت بلتستان‘ قانون و انصاف‘ اسلامی نظریاتی کونسل‘ ضلعی نظام عدل‘ قومی احتساب بیورو‘ ساحلی امور‘ سینٹ اور پاکستان ریلویز کے مطالبات زر شامل ہیں دریں اثنا قومی اسمبلی میں 237 کھرب 32 ارب 14 کروڑ 97 لاکھ اور 21 ہزار روپے کے لازمی اخراجات کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔ منگل کو لازمی اخراجات کی پیش کردہ تفصیلات کے مطابق الاؤنسز کہن سالی و پنشن کے لئے 3 ارب 86 کروڑ 52 لاکھ‘ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین امدادی رقوم اور متفرق تطبیق کے لئے 14 کروڑ‘ شعبہ امور خارجہ کے دیگر اخراجات کے لئے 15 کروڑ‘ سول ورکس کے لئے 77 لاکھ 41 ہزار‘ شعبہ قانون و انصاف کے دیگر اخراجات 23 کروڑ 62 لاکھ مصارف ملکی قرضہ جات کے لئے 13 کھرب 91 ارب ‘غیر ملکی قرضہ جات کی واپسی کے لئے 211 کھرب 29 ارب 74 کروڑ 82 لاکھ 81 ہزار وفاقی ٹیکس محتسب کے لئے 24 کروڑ 30 لاکھ روپے بتائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی ان اخراجات پر بحث تو کر سکتی ہے تاہم لازمی اخراجات کی قومی اسمبلی سے منظوری لینا لازمی نہیں ہے۔
مطالبات زر
 


loading...
© Copyright 2018. All right Reserved