منگل‬‮   18   دسمبر‬‮   2018

عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری


عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری
پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کی جائیگی، عثمان ڈار
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین مقرر کیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی نمائندگی کے لئے عثمان ڈار بہترین انتخاب ہیں، یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کیلئے انقلابی اقدامات کیے جائیں۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں یہ عہدہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پاس تھا۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عثمان ڈار نے اعزازی عہدہ دینے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو اعتماد ظاہر کیا ہے اس پر پورا اتروں گا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔عثمان ڈار نے سابق دورِ حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا بھی اعلان کیا۔سابق حکومت میں جب مریم نواز اس پروگرام کی چیئرپرسن تھیں، تو اس اسکیم کے لیے لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاک اسکیم میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کی جائے گی اور اس کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔ اس ملک کے نوجوانوں کو حکومتی سرپرستی میں ترقی کے مواقع دیے جائیں گے اور مکمل تیاری کے ساتھ نوجوانوں کے لیے زبردست پالیسیاں اور اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔نوجوانوں کو کامیاب روزگار اور بہترین تربیت مہیا کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔خیال رہے کہ عثمان ڈار نے رواں برس ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا، جس میں انہیں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عثمان ڈار

© Copyright 2018. All right Reserved