جمعرات‬‮   18   اکتوبر‬‮   2018

پی اے سی کی محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ (نارتھ) کے ریکارڈ کی تحقیقات

پی اے سی کی محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ (نارتھ) کے ریکارڈ کی تحقیقات
کمیٹی آج محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات (سائوتھ) کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس بُدھ کے روز چیئر مین کمیٹی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کی زیر صدارت کمیٹی روم ایم ایل اے ہاسٹل مظفرآباد میں منعقدہوا۔ اجلاس میں ملک محمد نواز، عبدالماجد خان، میاں یاسر رشید، اسد علیم شاہ، محترمہ سحرش قمر ممبران کمیٹی سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی۔ چوہدری بشارت حسین سیکرٹری اسمبلی نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سرا نجام دیئے۔ اجلاس میں محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ (نارتھ) کے باقیماندہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ محمد ادریس عباسی نے پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر کی حیثیت سے محکمہ کی نمائندگی کی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اشتہارات ڈائریکٹ نہیں بلکہ PIDکے ذریعے بھیجے جائیں۔ کمیٹی نے ٹور پروگرام کے سلسلہ میں ہدایت کی کہ مدعا سفر لکھنا ضروری ہے، صرف مفاد سرکار کی حد تک لکھنا کافی نہ ہے۔ کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ جب پی اے سی ہو بجٹ پنک بُک /فوٹو کاپی ساتھ رکھیں تاکہ آسانی رہے۔ کیش بیلنس کو کم سے کم سطح پر لے جانے کی ہدایت ہوئی۔ کمیٹی نے پیرا جات کے ضمن میں ہدایت کی کہ مکمل تیاری کے ساتھ آیا جائے تاکہ کسی قسم کی دُشواری کا سامنا نہ ہو۔مہتمم تعمیرات عامہ مکینیکل ڈویژن مظفرآباد سے متعلقہ آڈٹ پیرا پر کمیٹی نے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت کی۔کمیٹی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ ایڈوانس پیرا جات پر DACبہر صورت کی جائے ۔کمیٹی آج محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات (سائوتھ) کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی۔

© Copyright 2018. All right Reserved