بدھ‬‮   21   ‬‮نومبر‬‮   2018

متعلقہ ادارے انسداد پولیو کیلئے تجاویز بھیجیں،ہشام انعام اللہ

دو کالم ضروری
متعلقہ ادارے انسداد پولیو کیلئے تجاویز بھیجیں،ہشام انعام اللہ
پولیو کے خاتمے کیلئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کرینگے،چیف سیکرٹری
پشاور(بیورو رپورٹ)
خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ کی صدارت میں پولیو کے خاتمے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا ء ، وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان ، ممبران صوبائی اسمبلی کامران بنگش اور فضل الٰہی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شامل شدہ قبائلی علاقہ جات سکندر قیوم ، سیکرٹری صحت ، صوبہ بھر کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں انسداد پولیو کے لئے کام کرنے والے اداروں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پولیو کی خاتمے کے لئے کام کرنے والے فیلڈ ورکرز کو درپیش مسائل ،ماضی کے تجربا ت،مستقبل کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی بحث ہوئی اور آئندہ پولیو مہم کو مزید مستحکم بنانے کے لئے فیلڈ افسروں کی تجاویز کو تفصیلی گفت و شنید کے بعد نئے پلان میں شامل کیا گیا۔ وزیرصحت ڈاکٹر ہشام اللہ خان نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے ہر قسم تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ اپنی تجاویز فوری طور پر محکمہ صحت کو بھجوائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے میں کوئی کثر باقی نہ رہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام مشکل نہیں اگر ہم ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ دارریوں کو انجام دیں ۔فیلڈ افسروں کی طرف سے تجربات کی بنیاد پر دی گئی نئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ آئندہ چھ ماہ میں صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام سرکاری مشینری کو اپنی توانائیاں مکمل طور پر صرف کرنا ہوںگی انہوں نے تمام ذمہ داروں کو باہم روابط مضبوط بنانے کیلئے ہدایات بھی دیں اور کہا کہ موجودہ حکومت ہر صورت پولیو کا خاتمہ چاہتی ہے۔
ہشام انعام اللہ

© Copyright 2018. All right Reserved