پیر‬‮   19   ‬‮نومبر‬‮   2018

عافیہ کی رہائی کی پاکستانی درخواست پر غور کی امریکی یقین دہانی

عافیہ کی رہائی کی پاکستانی درخواست پر غور کی امریکی یقین دہانی
دیگر امریکی حکام کی طرح ایلس ویلز سے بھی معاملہ پر بات ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ
عافیہ کی صحت سے اہل خانہ کو باخبر رکھتے ہیں، شاہ محمودفوزیہ صدیقی سے بھی ملاقات کرینگے
اسلام آباد (اوصاف نیوز) امریکی معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے پاکستانی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ تواتر سے اٹھاتا رہتا ہے۔ اس بار بھی امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میں معاملہ اٹھایا گیا جس پر امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے جس کا مقصد عافیہ کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان کو باخبر رکھنا ہے جبکہ ان کا کوئی بھی پیغام ہو تو وہ بھی ان کے اہل خانہ تک پہنچایا جاتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ میری سزا غیر قانونی ہے رہائی کےلیے عمران خان میری مدد کریں۔
عافیہ رہائی درخواست

© Copyright 2018. All right Reserved