پیر‬‮   19   ‬‮نومبر‬‮   2018

مہمند، بارودی سرنگ ناکارہ بناتے دھماکہ‘ کیپٹن شہید


مہمند، بارودی سرنگ ناکارہ بناتے دھماکہ‘ کیپٹن شہید
ایک اہلکار زخمی،شہیدکیپٹن کی نمازجنازہ ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ، 3اہلکار زخمی
اسلام آباد(وقائع نگار)قبائلی ضلع مہمند پاک افغان سرحدی علاقہ پیشتو کنڈاؤ میں بارودی سرنگ ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ، مہمند رائفلز کے کیپٹن ضرغام شہید اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے سپاہی زخمی ہوگئے ۔ نماز جنازہ پشاور،سرگودھا اور مہمند رائفلز مامد گٹ کیمپ میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر اور قبائلی ضلع مہمند کے حکام کے مطابق تحصیل صافی کے پاک افغان سرحد کے قریب پیشتو کنڈاؤ کے مقام پر بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں مہمند رائفلز205 ونگ مامد گٹ کے بم ڈسپوزل سکواڈ کے کیپٹن ضرغام شہید ہو گیا ہے۔ جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گیا۔ جنہیں فوری طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہید کیپٹن کی نماز جنازہ مہمند رائفلز مامد گٹ کیمپ تحصیل صافی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل محمد عرفان علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان اللہ، اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند نائب دین ، ونگ کمانڈرز اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ قومی پر چم میں لپیٹی میت کو سیکورٹی فورسز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید کیپٹن زرغام کی پشاور کینٹ میں بھی نمازجنازہ ادا کی گئی ۔ نمازجنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا ، ڈی جی آئی ایس پی آر، آئی جی ایف سی نے شرکت کی ۔ شہید کو آبائی قصبے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا ۔ ان کا جسد خاکی پشاور سے آبائی علاقہ سرگودھا روانہ کیا گیا تھا ۔سرگودھا کے سپوت پاک فوج کے شہید جوان کیپٹن ضرغام فرید کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سرگودھا میں سپرد خاک کر دیا گیا، قبل ازیں شہیدکی نماز جنازہ جو کہ گورئمنٹ ٹیکنیکل کالج پی اے ایف روڈ میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افیسران و دیگر حساس ادروں کے ملازمین معززین شہر سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر شہید کو پاک فوج کے چوکس دستے نے سلامی دی اور پاک فوج کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی 25 سالہ کیپٹن ضرغام فرید کا تعلق ارآئیں فیملی سے تھا شہید کی چند ماہ بعد شادی ہونیوالی تھی ۔ادھراشمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ، تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گڑیوم کے علاقہ روغہ بدر میں معمول کے مطابق گزشت پر تھی کہ سڑک کنارے پہلے سے نصب بارودی کی زد میں گاڑی آ گئی اور دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار سپاہی قاسم ، امجد اور ظہیر زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سر چ آ پریشن شروع کر دی اسی طرح سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میرانشاہ بائی پاس روڈ پرپہلے سے نصب شدہ بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
شہید

© Copyright 2018. All right Reserved