بدھ‬‮   19   دسمبر‬‮   2018

ضلع نیلم میں دوہرے اور غیر ضروری ٹیکسز ختم کرنے کا فیصلہ

نیلم کشمیرکی سیاحت کاچہرہ ہے،قدرتی ماحول بچانے کیلئے ادارے بھرپوراقدامات اٹھائیں
انتظامیہ حکومتی عہدیداران کے ساتھ ملکر مسائل کو مقامی سطح پر ہی حل کرے،فاروق حیدر
مظفرآباد (بیورو رپورٹ)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس۔ سپیکر شاہ غلام قادر، سیکرٹری مالیات فرید تارڑ ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ارشد عباسی ، چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ راجہ محمد یوسف ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل نواز اعوان ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ڈاکٹر خورشید و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں نیلم ویلی میں ضلع کونسل،بلدیہ اور نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے لگائے گئے ٹیکسز، سیاحت کے فروغ اور دیگر معاملات زیر غور آئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع نیلم کے اندر ضلع کونسل ،نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ اور بلدیہ کی جانب سے لگائے گئے دوہرے اور غیر ضروری ٹیکسزکا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیلم میں سیاحت کے فروغ اور اس خطہ کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ نیلم آزادکشمیر کی سیاحت کا چہرہ ہے اس کے قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات اٹھائیں ، نیلم کے ماحول کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سمیت تمام ادارے سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ حکومتی عہدیداران کے ساتھ ملکر مسائل کو مقامی سطح پر ہی حل کرے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے اور انہیں ہر چھوٹے مسئلے کے حل کیلئے دارالحکومت نہ آنا پڑے ۔ انہوں نے کہاکہ وادی نیلم کی خوبصورتی اور اس وادی کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے تمام سول سروسز کے ادارے عوام کے ساتھ ملکر کردار ادا کریں ۔ آزادکشمیر میں سیاحت کو وسیع پوٹیشنل موجود ہے ہر سال ہزاروں سیاح نیلم کا رخ کرتے ہیں ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وادی نیلم کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں اور اس خطہ کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپوراقدمات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم جلد نیلم کا دورہ کرینگے ۔
نیلم ٹیکس ختم

© Copyright 2018. All right Reserved